fbpx

نیو سٹی کیٹیچزم

سوال 1

زندگی اور موت میں ہماری واحد امید کیا ہے؟

ہم اپنے نہیں بلکہ جسم اور روح، زندگی اور موت دونوں میں اپنے خُدا اور منجی یسوع مسیح کے ہیں۔ وہ ہی ہماری واحد امید ہے۔

سوال 2

خدا کیا ہے؟

خدا ہر ایک چیز کا خالق اور قائم رکھنے والا ہے۔ وہ اپنی قدرت کاملیت، بھلائی، جلال، حکمت، عدل اور سچائی میں ابدی، لامحدود اور لاتبدیل ہے۔ اس کے بغیر اور اس کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں ہوتا۔

سوال نمبر 3

خدا کے کتنے اقنوم ہیں؟

ایک سچے اور زندہ خدا کے تین اقنوم ہیں: باپ، بیٹا اور روح القدس۔ یہ تینوں اپنی قدرت اور جلال میں ایک جیسے ہیں۔

سوال 4

خدا نے ہمیں کیسا اور کیوں بنایا کیا؟

خُدا نے مرد اور عورت دونوں کو اپنی شبیہ پر خلق کیا تاکہ وہ اُسے جانیں، اُس سے محبت کریں، اُس کے ساتھ رہیں اور اُس کو جلال دیں۔ اور یہ درست ہے کہ ہم جو اسکی شبیہ پر خلق کیے گئے ہیں اسکے جلال میں زندگی گزاریں۔

سوال 5

خدا نے اور کیا پیدا کیا؟

خُدا نے اپنی قدرت کے کلام سے تمام چیزیں پیدا کیں، اور جو کچھ اس نے پیدا کیا بہت اچھا تھا۔ سب کچھ اس کی شفیق حکمرانی میں پھلا اور بڑھا۔

سوال 6

ہم کس طرح خدا کو جلال دے سکتے ہیں؟

خدا کے ساتھ رفاقت، محبت اور اعتماد کے وسیلہ سے اور اسکی مرضی اور احکام کو پورا کرکے ہم اسے جلال دیتے ہیں۔

سوال 7

خدا کی شریعت کا کیا تقاضا ہے؟

 

شخصی، پوری، اور مسلسل فرمانبرداری ؛ اور ہم خُدا سے اپنے سارے دل، جان، عقل اور طاقت سے محبت رکھیں۔ اور اپنے پڑوسیوں سے اپنی مانند محبت رکھیں۔ جس کام سے خدا منع کرے وہ ہر گز نہیں کرنا چاہئے اور جو خدا کا حکم ہے اسے ہمیشہ پورا کرنا چاہئے۔

سوال 8

دس احکام میں خدا کی شریعت کیا ہے؟

 

میرے حضور تو غیر مثبودوں کو نہ ماننا۔

تو اپنے لیے کوئی تراشی ہوئی صورت نہ بنانا۔ نہ کسی چیز کی صورت بنانا جو اوپر آسمان میں یا نیچے زمین پر یا زمین کے نیچے

پانی میں ہے - تو ان کے آگے سجدہ نہ کرنا اور نہ ان کی عبادت کرو۔

تو خداوند اپنے خدا کا نام بے فائدہ نہ لینا۔

یاد کرکے تو سبت کا دن پاک ماننا۔

تو اپنے باپ اور اپنی ماں کی عزت کرنا۔

تو خون نہ کرنا۔

تو زنا نہ کرنا۔ تو چوری نہ کرنا۔

تو جھوٹی گواہی نہ دینا۔

تو لالچ نہ کرنا۔

سوال 9

خدا پہلے، دوسرے اور تیسرے حکم میں کیا چاہتا ہے؟

اول، ہم خدا کو واحد سچے اور زندہ خدا کے طور پر جانیں اور اس پر بھروسہ رکھیں۔ دوئم، ہم بت پرستی سے بچیں اور نا مناسب طریقے سے خدا کی عبادت نہ کریں۔ سوئم، ہم خُدا کے نام کو ڈرتے ہوئے اور تعظیم کے ساتھ استعمال کریں اور ساتھ ہی اسکے کلام اور کاموں کی بھی تعظیم کریں۔

سوال 10

چوتھے اور پانچویں حکم میں خدا کیا چاہتا ہے؟

چوتھا، یہ کہ سبت کے دن ہم اجتماعی اور نجی طور پر خدا کی عبادت میں وقت گزاریں اور معمول کے کاموں سے پرہیز کریں۔ خُداوند اور اسکے لوگوں کی خدمت کریں اور اسی طرح ابدی سبت کی امید رکھیں۔ پانچویں، یہ کہ ہم اپنے باپ اور اپنی ماں سے محبت رکھیں اور انکا احترام کریں اور اسی طرح خدا میں ہوتے ہوئے انکے تابعدار رہیں۔

سوال 11

خدا چھٹے، ساتویں اور آٹھویں حکم میں کیا چاہتا ہے؟

چھٹا، یہ کہ ہم اپنے پڑوسی کو نہ تکلیف دیں اور نہ ہی نفرت یا دشمنی رکھیں بلکہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔ یہاں تک کہ اپنے دشمنوں سے بھی محبت سے پییش آئیں۔ ساتویں یہ کہ ہم حرامکاری سے بھاگیں اور ایک خالص اور ایماندار زندگی گزاریں خواہ وہ شادی شدہ زندگی ہو یا کنوارہ پن۔ تمام ناپاک اعمال، نظر، باتوں، خیالات، خواہشات اور جو کچھ بھی ان کا باعث بن سکتا ہے ان سے باز رہیں۔ آٹھواں یہ کہ جو چیز کسی اور کی ہو وہ بغیر اسکی مرضی کے بِنا نہ لیں اور نہ ہی اپنے فائدے کے لیے کسی اور کے حق کو دبائیں ۔

سوال 12

نویں اور دسویں حکم میں خدا کیا چاہتا ہے؟

نویں یہ کہ نہ ہم جھوٹ بولیں اور نہ دھوکہ دیں بلکہ محبت سے سچ بولیں۔ دسواں، یہ کہ نہ ہم کسی سے حسد کریں اور نہ ہی نفرت کریں بلکہ جو کچھ خدا نے دیا ہے اس میں مطمئن رہیں۔

سوال 13

کیا کوئی شخص خدا کی شریعت پر مکمل طور پر عمل کر سکتا ہے؟

انسانی گراوٹ یا آدم کے گناہ کے بعد کوئی شخص اس قابل نہیں کہ وہ خدا کی شریعت پر مکمل طور پر عمل کر سکے۔ بلکہ انسان اپنے خیالات، الفاظ اور اعمال سے مسلسل خدا کی شریعت کو توڑتا ہے۔

سوال 14

کیا خدا نے ہمیں اپنی شریعت پر عمل کرنے کے قابل نہیں بنایا؟

نہیں۔ ہم اپنے آباواجداد یعنی آدم اور ہوا کی نافرمانی کے سبب گناہ کی فطرت اور نافرمان دل لے کر پیدا ہوتے ہیں۔ اسی سبب سے ہم خدا کی شریعت پر عمل نہیں کر سکتے۔

سوال 15

اگر کوئی شریعت پر عمل کر ہی نہیں سکتا، تو پھر اس کا مقصد کیا ہے؟

تاکہ ہم خُدا کی پاک فطرت اور مرضی کو جان سکیں اور یہ بھی جان سکیں کہ اپنی گناہ گار فطرت اور نافرمان دل کی وجہ سے ہمیں ایک نجات دہندہ کی ضرورت ہے۔ شریعت ہمیں اپنے نجات دہندہ کے لائق زندگی گزارنے کی تعلیم دیتی اور نصیحت کرتی ہے۔

سوال 16

گناہ کیا ہے؟ 

خدا کی تخلیق کی ہوئی دنیا میں خدا کو مسترد کرنا یا نظر انداز کرنا گناہ ہے۔ گناہ اسکی شریعت یا حکموں کے برعکس چلنا اور اسکے بغیر ایک باغیانہ زندگی گزارنا ہے جس کے نتیجہ میں انسان کو موت اور جدائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سوال 17

بت پرستی کیا ہے؟

ہماری امید اور خوشی، اہمیت اور سلامتی کے لیے خالق کی بجائے تخلیق کردہ چیزوں پر بھروسہ کرنا بت پرستی ہے۔

سوال 18

کیا خدا ہماری نافرمانی اور بت پرستی کو سزا کے بغیر جانے دے گا؟

نہیں- ہر گناہ خُدا کی حاکمیت، تقدس، بھلائی اور اُس کی راست شریعت کے خلاف ہے-خُدا راست طور پر ہمارے گناہوں سے ناراض ہے- وہ اپنی سچی عدالت کے ذریعے اس دنیا اور اگلی دنیا میں گناہوں کی سزا دے گا۔

سوال 19

کیا سزا سے بچنے اور خدا کے حضور(اسکی بخشش) میں واپسی کا کوئی طریقہ ہے؟

جی ہاں- انصاف کے تقاضہ کو پورا کرنے کے لیے خُدا اپنے رحم کے وسیلہ خود انسان سے ملاپ کرتا ہے اور ایک منجی کے وسیلہ سے گناہ اور گناہ کی سزا سے بَری کرتا ہے۔

سوال 20

نجات دینے والا کون ہے؟

یسوع مسیح واحد نجات دہندہ خُداوند ہے-وہ خُدا کا ابدی بیٹا ہے جس میں خُدا انسانی طور پر ظاہر ہوا اور گناہ کی سزا اپنے اوپر لے لیا۔

سوال 21

ہمیں خدا کے پاس واپس لانے کے لیے کس قسم کے نجات دہندہ کی ضرورت ہے؟

وہ جو واقعی کامل انسان ہے اور حقیقی طور پر کامل خدا بھی۔

سوال 22

نجات دہندہ کو واقعی انسان کیوں ہونا چاہیے؟

تاکہ انسانی فطرت میں وہ ہماری طرف سے شریعت کو پورا کرسکے- انسانی گناہ کی سزا بھگتے۔ اور ہماری کمزوریوں پر رحم کرے۔

سوال 23

نجات دہندہ کو حقیقی معنوں میں خدا کیوں ہونا چاہیے؟

تاکہ اپنی الہی فطرت کی وجہ سے کامل اور موثر طریقہ سے پوری تابعداری کرے اور مصیبت اٹھائے۔ اور اس طرح گناہ کے خلاف خُدا کے راست غضب کو برداشت کر سکے اور موت پر غالب آسکے-

سوال 24

نجات دینے والے مسیح کے لیے مرنا کیوں ضروری تھا؟

چونکہ گناہ کی سزا موت ہے اس لیے مسیح ہماری جگہ پر قربان ہوا تاکہ ہمیں گناہ کے زور اور سزا سے بَری کروائے اور ہمیں خدا کے پاس واپس لائے۔ صرف وہی(یسوع المسیح) متبادل کفارہ کے طور پر اپنی صلیبی موت کے وسیلہ ہمیں جہنم سے چھڑاتا ہے اور ہمارے لیے گناہ کی معافی، راستبازی اور ہمیشہ کی زندگی حاصل کرتا ہے۔

سوال 25

کیا مسیح کی موت کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے تمام گناہ معاف ہو سکتے ہیں؟

جی ہاں- کیونکہ مسیح کی صلیب پر موت نے ہمارے گناہ کے لیے پوری طرح سے کفارہ ادا کر دیا ہے۔ خُدا نے اپنے فضل سے مسیح کی راستبازی ہم کو اس طرح سے عطا کی ہے جیسے یہ ہماری اپنی راستبازی ہو- اور وہ ہمارے گناہوں کو دوبارہ کھبی یاد نہیں کرے گا۔

سوال 26

مسیح کی موت اور کس چیز سے رہائی بخشتی ہے؟

مسیح کی موت گری ہوئی تخلیق کے ہر حصے کی مخلصی اور تجدید کا آغاز ہے۔ کیونکہ وہ قدرت کے ساتھ اپنے جلال کی خاطر اور تخلیق کی بھلائی کے لیے ہر شے کو سمت فراہم کرتا ہے۔

سوال 27

کیا تمام لوگ جو آدم کے ذریعے کھو گئے تھے یسوع کے ذریعے بچائے گئے ہیں؟

نہیں۔ صرف وہی جو خُدا کی طرف سے چنے گئے ہیں اور ایمان کے ذریعے مسیح کے ساتھ جڑے ہیں۔ اس کے باوجود خُدا اپنی رحمت کے زریعہ گناہ کے اثر کو روک کر ان لوگوں پر بھی عمومی فضل کا مظاہرہ کرتا ہے جو چنے ہوئے نہیں ہیں۔ اور اس طرح انسانی بھلائی کے لیے ثقافت کے کاموں کو فعال کرتا ہے۔

سوال 28

جو لوگ ایمان کے ذریعہ مسیح کے ساتھ جڑے نہیں ہیں ان کے ساتھ موت کے بعد کیا ہوتا ہے؟

روزِِ عدالت کے دن انصاف پر مبنی سخت سزا پانے کے نتیجہ میں میں وہ خدا کی پرفضل حضوری سے نکال دیے جائیں گے اور ہمیشہ کے لیے دوذخ میں پھینک دیے جائیں گے۔

سوال 29

ہم کیسے بچ سکتے ہیں؟

صرف یسوع مسیح پر ایمان اور صلیب پر متبادل کفارہ کے طور پر جان دینے کے وسیلہ سے۔ اگرچہ کہ ہم خُدا کی نافرمانی کے سبب قصوروار اور بدی کی طرف راغب ہیں اور ہم میں کوئی خوبی نہیں لیکن خدا اپنے خالص فضل کے ذریعے مسیح کی کامل راستبازی ہیمں بخشتا ہے اور یہ تب ہوتا ہے جب ہم توبہ کرتے اور اس پر ایمان لاتے ہیں۔

سوال 30

یسوع مسیح پر ایمان کیا ہے؟

یسوع مسیح پر ایمان کا مطلب اُس پر بھروسہ کرنا اور ہر اس چیز کی سچائی کو تسلیم کرنا ہے جو خُدا نے اپنے کلام میں ظاہر کی ہے اور جیسا خوشخبری بیان کرتی ہے کہ نجات کیلیے صرف یسوع کو اپنی زندگی میں لینا ہے اور اسی میں آرام کرنا ہے۔

سوال 31

سچے ایمان سے ہم کن باتوں کا یقین کرتے ہیں؟

ہر چیز جو ہمیں انجیل میں سکھائی گئی ہے۔ جس چیز پر ہم ایمان رکھتے ہیں رسولوں کا عقیدہ اسے ان الفاظ میں بیان کرتا ہے: ہم ایمان رکھتے ہیں خدا قادرِمطلق باپ پر جس نے آسمان اور زمین کو پیدا کیا اور اسکے اکلوتے بیٹے خداوند یسوع مسیح پر جو روح القدس کی قدرت سے پیٹ میں پڑا۔ کنواری مریم سے پیدا ہوا۔ پنطس پیلاطس کے عہد میں دکھ اٹھایا، مصلوب ہوا، مر گیا، اور دفن ہوا۔ عالمِ ارواح میں اترا۔ تیسرے دن مردوں میں سے جی اُٹھا۔ وہ آسمان پر چڑھ گیا اور خداِ قادر مطلق باپ کی دہنی طرف بیٹھا ہے۔ جہاں سے وہ زندوں اور مردوں کی عدالت کرنے کو آئے گا۔ ہم ایمان رکھتے ہیں روح القدس پر، مقدس کیتھولک کیسیا پر، مقدسوں کی رفاقت، گناہوں کی معافی، جسم کے جی اٹھنے اور ہمیشہ کی زندگی پر۔

سوال 32

راستباز ٹھہرائے جانے اور پاک کیے جانے کا کیا مطلب ہے؟

راستباز ٹھہرائے جانے کا مطلب خدا کے سامنے ہماری راستبازی کا اعلان ہے جو مسیح کی موت اور جی اُٹھنے کی وجہ سے ممکن ہے۔ پاک کیے جانے کا مطلب ہمارے اندر روح القدس کے کام کی وجہ سے ہماری راستبازی کا مسلسل بڑھنا ہے۔

سوال 33

کیا مسیحی ایمانداروں کو اپنے کاموں کے ذریعے نجات حاصل کرنی چاہیے یا کسی اور طرح سے؟

نہیں- انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے کیونکہ نجات کے لیے ضروری ہر چیز مسیح میں میسر ہے۔ اچھے کاموں کے ذریعے نجات حاصل کرنا اس بات سے انکار ہے کہ مسیح واحد چھڑانے والا اور نجات دہندہ ہے۔

سوال 34

چونکہ ہم صرف مسیح کے وسیلے سے ہی فضل سے چھٹکارا پاتے ہیں، کیا ہمیں اب بھی اچھے کام کرنے چاہئیں اور خدا کے کلام پر عمل کرنا چاہیے؟

جی ہاں، کیونکہ مسیح نے ہمیں اپنے خون کے ذریعے چھڑایا ہے اپنی روح سے ہمیں بھی نیا بنایا ہے۔ تاکہ ہماری زندگی میں خدا کے لیے محبت اور شکرگزاری نظر آئے۔ تاکہ روح کے پھلوں سے ہمارا ایمان پختہ ہو۔ اور ہمارے خدا پرست رویے سے دوسرے مسیح کے لیے جیتے جائیں۔

سوال 35

چونکہ ہمیں ایمان کے وسیلہ سے فضل ہی سے نجات ملتی ہے، یہ ایمان کہاں سے حاصل ہوتا ہے؟

ایمان ان تمام نعمتوں میں شامل ہے جو مسیح میں روح القدس کے وسیلہ سے ملتی ہیں۔

سوال 36

ہم روح القدس کے بارے میں کیا ایمان رکھتے ہیں؟

وہ باپ اور بیٹے کے ساتھ ابدی خُدا ہے۔ اور خُدا ان تمام لوگوں کو روح القدس عطا کرتا ہے جو ایمان رکھتے ہیں۔

سوال 37

روح القدس کیسے ہماری مدد کرتا ہے؟

روح القدس ہمیں ہمارے گناہ کا احساس دلاتا ہے، ہمیں تسلی دیتا ہے، ہماری رہنمائی کرتا ہے، ہمیں روحانی نعمتیں اور خُدا کی فرمانبرداری کرنے کی خواہش بخشتا ہے۔ وہ ہمیں دعا کرنے اور خدا کے کلام کو سمجھنے کے قابل بھی بناتا ہے۔

سوال 38

دعا کیا ہے؟

دعا ہمارے دلوں کو خُدا کی حمد، التجا، گناہ کے اقرار، اور شکر گزاری میں اُنڈیلنے کا نام ہے۔

سوال 39

ہمیں کس انداز کے ساتھ دعا کرنی چاہیے؟

محبت، استقامت اور شکر گزاری کے ساتھ دعا کرنی چاہییے۔ خُدا کی مرضی کے سامنے عاجزی کے ساتھ یہ جانتے ہوئے کہ خدا مسیح کی خاطر ہمیشہ ہماری دعائیں سنتا ہے۔

سوال 40

ہمیں کیا دعا کرنی چاہیے؟

خُدا کا پورا کلام ہمیں ہدایت دیتا ہے اور اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ ہمیں کیا دعا کرنی چاہیے، بشمول وہ دعا جو یسوع نے خود ہمیں سکھائی تھی۔

سوال 41

خداوند یسوع کی سکھائی ہوئی دعا کیا ہے؟

اے ہمارے باپ تو جو آسمان پر ہے تیرا نام پاک مانا جائے تیری بادشاہی آئے تیری مرضی جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر بھی ہو۔ ہمارے روز کی روٹی آج ہمیں دے اور جس طرح ہم اپنے قرض داروں کو معاف کرتے ہیں تو بھی ہمارے قرض ہیمں معاف کر۔ اور ہمیں آزمائش میں نہ پڑنے دے بلکہ برائی سے بچا۔

سوال 42

خدا کا کلام کیسے پڑھا اور سنا جائے؟

تندہی/جان فشانی، تیاری اور دعا کے ساتھ؛ تاکہ ہم اسے ایمان کے ساتھ قبول کریں، اسے اپنے دلوں میں محفوظ کر لیں، اور اپنی زندگیوں میں اس پر عمل کریں۔

سوال 43

مقدسات یا مسیح مذہبی رسومات کیا ہیں؟

خُدا کی طرف سے دیے گئے اور مسیح کے ذریعے قائم کیے گئے مقدسات یا احکام یعنی بپتسمہ اور عشائے ربانی وہ ظاہری نشانیاں اور مہریں ہیں کہ ہم اُس کی موت اور جی اُٹھنے کے ذریعے ایک باایمان جماعت کے طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ ان کو عمل میں لانے سے روح القدس ہمارے لیے انجیل کے وعدوں کو ظاہر کرتا اور ان پر مہر کرتا ہے۔

سوال 44

بپتسمہ کیا ہے؟

بپتسمہ باپ، بیٹے اور روح القدس کے نام پر پانی سے پاک صاف کیے جانا ہے۔ بپتسمہ مسیح میں ہماری شمولیت، گناہ سے صاف کیے جانے اور خُداوند اور اُس کی کیسیا سے رشتہ قائم کرنے کے عزم کی نشاندہی کرتا اور اس پر مہر ثبت کرتا ہے۔

سوال 45

کیا پانی سے بپتسمہ خود گناہ کو بھی دھو دیتا ہے؟

نہیں۔ صرف مسیح کا خون اور روح القدس کا ہمیں نیا بنانا ہی گناہ سے پاک کر سکتا ہے۔

سوال 46

عشائے ربانی کیا ہے؟

مسیح نے تمام مسیحیوں کو یہ حکم دیا کہ وہ اسکے بدن (روٹی) اور خون (پیالے) میں شریک ہوں اور اس طرح اسکی موت کو یاد کرکے اسکی شکر گزاری کریں۔ خُداوند کی میز ہمارے درمیان خُدا کی موجودگی کا جشن ہے۔ جو ہمیں خدا کے ساتھ اور ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی میں لاتی اور ہماری روح کی نشوونما اور پرورش کرتی ہے۔ یہ اُس دن کی لیے بھی امید ہے جب ہم مسیح کے ساتھ اُس کے باپ کی بادشاہی میں کھائیں گے اور پئیں گے۔

سوال 47

کیا عشائے ربانی مسیح کے کفارہ کے کام میں کچھ اضافہ کرتی ہے؟

نہیں۔ مسیح ہمیشہ کے لیے ایک بار موا ہے۔ عشائے ربانی ایک عہد کا کھانا ہے جو مسیح کے کفارہ کے کام کیلیے خوشی منانا ہے۔ یہ ہمارے ایمان کو مضبوط کرنے کا ایک ذریعہ بھی ہے جیسا کہ ہم اس(یسوع) کی طرف تکتے ہیں، اور یہ آسمانی ضیافت کی طرف بھی اشارہ ہے۔ لیکن جو لوگ غیر توبہ شدہ دل کے ساتھ حصہ لیتے ہیں وہ عدالت کے لائق ٹھہریں گے۔

سوال 48

چرچ/کیسیا کیا ہے؟

خُدا اپنے لیے لوگوں کی ایک ایسی جماعت کو چُنتا اور محفوظ کرتا ہے جو ابدی زندگی کے لیے چُنے جاتے ہے اور ایمان کے ساتھ متحد ہوتے ہیں، جو محبت کرتے، پیروی کرتے، اُس سے سیکھتے اور مل کر خُدا کی عبادت کرتے ہیں۔ خُدا نے ہمیں اِس جماعت کو خوشخبری سنانے اور مسیح کی بادشاہی کو اُن کی زندگی کے لیے معیار بنانے اور ایک دوسرے سے محبت سے پیش آنے کے لیے بھیجا ہے۔

سوال 49

مسیح اب کہاں ہے؟

مسیح اپنی موت کے بعد تیسرے دن مردوں میں سے جی اٹھا اور باپ کی دہنی طرف بیٹھا بادشاہی کرتا اور مقدسوں کی شفاعت کرتا ہے جب تک وہ واپس آکر دنیا کی عدالت نہیں کرتا اور پوری دنیا کو نیا نہیں بناتا۔

سوال 50

مسیح کا جی اٹھنا ہمارے لیے کیا معنی رکھتا ہے؟

مسیح نے جسمانی طور پر زندہ ہو کر گناہ اور موت پر فتح پائی تاکہ وہ سب جو اُس پر ایمان رکھتے ہیں اِس دنیا میں نئی زندگی اور آنے والی دنیا میں ہمیشہ کی زندگی کے لیے جی اٹھیں۔ جس طرح ہم ایک دن دوبارہ زندہ کیے جائیں گے، اسی طرح یہ دنیا بھی ایک دن بحال ہو گی۔ لیکن جو لوگ مسیح پر ایمان نہیں رکھتے وہ ہمیشہ کی موت کے لیے زندہ کیے جائیں گے۔

سوال 51

مسیح کے اوپر اٹھائے جانے (صعود) کا ہمارے لیے کیا فائدہ ہے؟

جس طرح مسیح جسم میں ہمارے لیے زمین پر آیا اسی طرح وہ جسم میں ہمارے لیے اوپر اٹھایا گیا۔ اور اب وہ اپنے باپ کی حضوری میں ہمارے لیے شفاعت کر رہا ہے، ہمارے لیے جگہ تیار کر رہا ہے، اور ہمیں اپنی روح بھی بخشتا ہے۔

سوال 52

ہمیشہ کی زندگی ہمارے لیے کیا امید رکھتی ہے؟

یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ موجودہ زوال پذیر دنیا بالکل بیمار نہیں ہے جلد ہی ہم نئے شہر، نئے آسمان اور نئی زمین میں ہمیشہ کے لیے خدا کے ساتھ رہیں گے اور شادمان ہوں گے جہاں ہم تمام گناہوں سے مکمل طور پر اور ہمیشہ کے لیے آزاد ہو جائیں گے۔ اور تب ہم غیرفانی بدنوں میں ایک نئی تخلیق کی طرح ہمیشہ آباد رہیں گے۔

Copyright 2012 by Redeemer Presbyterian Church

For more information, visit the نیو سٹی کیٹیچزم website: newcitycatechism.com.

UR